پشاور(جسارت نیوز)اپنے جوش وجذبہ وہمت سے پاکستان کے لیے ٹینس میں پہلی بارآئی ٹی ایف انڈر 12ایشین ٹینس ٹیم چمپین شپ میںفتح کاتاج سجانے والے حمزہ رومان کاپشاورپہنچنے پر فقید المثال استقبال کیاگیا ان کوڈھول کی تھاپ پرقیوم اسپورٹس کمپلیکس پشاورلایاگیا اورسیکرٹری اسپورٹس،ٹورازم عابد مجیدنے ان کاپرتپاک استقبال کیاان پرپھولوں کی پتیاں نچاورکی گئیں اور ان کو پھولوں کے ہارپہنچائے گے اس موقع ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس اسفندیارخٹک مہمان خصوصی تھے جبکہ سید ثقلین شاہ ،عزیزاللہ خان،جعفر شاہ،تحسین اللہ، سلیم رضاء اوررومان خان بھی موجود تھے۔ سیکرٹری سپورٹس نے حمزہ رومان کی فتح کو بھرپور اندازسے سراہتے ہوئے اس امید کااظہارکیاکہ جلدوہ وقت بھی آئے گاجبکہ لوگ راجرفیڈرکی بجائے پاکستان کے حمز ہ رومان کویاد کریں گے۔ انہوںنے حمزہ کی مزید کامیابیوںکے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے بھرپورتعاون ومدد کی یقین دہانی کرائی اوروزیراعلی محمود خان کی جانب سے دولاکھ روپے کابھی اعلان کیا۔حمزہ رومان نے بعدازان میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آئی ٹی ایف انڈر 12ایشین ٹیم ٹینس چمپیئن شپ میں میزبان قازقستان سمیت پاکستان، بھارت، تھائی لینڈ،مصر،ازبکستان سمیت 8 ممالک شریک ہوئے ہماری پاکستانی ٹیم نے بھارت،مصر،تھائی لینڈ اورپھرفائنل میںمیزبانی قازقستان کو مات دی۔