خصوصی افراد مدد کے محتاج نہیں، ریاست انہیں حقوق دے، بلاول

96

کراچی (نمائندہ جسارت) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ ریاست اب ان تمام عذر و بہانوں کی بے ساکھیوں کا سہارا لینا چھوڑ دے جو اسے خصواصی صلاحیتوں کے حامل افراد کے حقوق، بہبود اور ترقی سے متعلق ذمے داریاں نبھانے میں رکاوٹ ہیں، یہ افراد ہماری توجہ و مدد کے محتاج نہیں بلکہ یہ ہمارے اپنے احساس ذمے داری
اور انسانیت دوستی کا امتحان ہوتا ہے، انہیں مکمل حقوق فراہم کیے بغیر متوازن اور مساوات پر مبنی معاشرے کی تشکیل محض ایک خواب ہی رہے گا۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پی پی پی چیئرمین نے خصوصی صلاحیتوں کے حامل افراد کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ خصوصی اہلیت کے حامل 30 لاکھ سے زائد افراد کے حقوق، صحت، تعلیم اور روزگار کے معاملے پر اب سب کو ایک پیج پر آنا ہوگا، خصوصی اہلیت کے حامل افراد کی صلاحیتوں کو قومی ترقی میں شامل کرنے کے باب میں پیپلز پارٹی ہمیشہ ذمے دارانہ سوچ اور عزم سے سرشار رہی ہے۔ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے خصوصی اہلیت کے حامل افراد کے متعلق اقوام متحدہ کے کنونشنز پر عملدرآمد کے تمام اسٹینڈرز پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، پیپلز پارٹی ملک کی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جس کے منشور میں خصوصی صلاحیتوں کے حامل افراد کے حقوق کے تحفظ، بہبود اور ترقی کے لیے ایک انقلابی لائحہ عمل شامل ہے۔