کوئٹہ تا کراچی ریل سروس 2سال بعد بحال کردی گئی

189

کو ئٹہ(نمائندہ جسارت)کوئٹہ تاکراچی ریل سروس دوبارہ بحال کردی گئی،بولان میل کراچی کے لیے روانہ ہوگئی۔ بولان میل کا افتتاح چیئرمین اسٹیڈنگ کمیٹی برائے ریلوے سینیٹر محمد قاسم رونجھو نے کیا۔ تقریب میں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری سمیت دیگر حکام شریک تھے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ کوئٹہ کراچی ریل کا دوبارہ آغاز خوش آئند ہے، کورونا کی صورتحال بہتر ہونے سے ریلوے بھی بہتری کی طرف گامزن ہے ۔ریل گاڑی متوسط و غریب طبقے کی بہترین سواری ہے، بلوچستان میں چمن اور تفتان روٹ پر بھی ٹرینیں چل رہی ہیں۔ قاسم سوری نے کہا کہ انگریزوں کا بنایا گیا ریلوے نظام بہتر ہے، اسی طریقے سے ٹرین چلائیںگے، قاسم خان سوری نے کہا کہ جلد اکبر بگٹی ایکسپریس ٹرین بھی بحال کردی جائے گی۔ چین پاکستان کا حقیقی دوست ہے، جو ہر صورتحال میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہاہے۔سی پیک منصوبوں کے تحت بلوچستان میں کام شروع ہے۔ یاد رہے کورونا وائرس کے پھیلائو کی وجہ سے 2 سال قبل بولان میل کو بند کردیا گیا تھا۔ڈی ایس ریلوے علی محمد نے کہا کہ کورونا وائرس کی صورتحال میں بہتری اور عوام کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے بولان میل گزشتہ روز کراچی کے لیے روانہ ہوگئی ۔ٹرین میں ایک اسٹینڈ اے سی سمیت 8 بوگیاں شامل ہیں۔ بولان میل 600 کے قریب مسافروں کو لے کرآج صبح 8بجے کراچی پہنچے گی جبکہ کراچی سے کوئٹہ کے لیے شام 6 بجے روانہ ہوگی۔