پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)پشاور میں بلدیاتی انتخابات کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر الیکشن کمیشن نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری ، خورشید شاہ اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت 7 اراکین اسمبلی کو نوٹس جاری کردیے۔30 نومبر کو بلاول زرداری سمیت پارٹی کے دیگر اراکین نے پشاور میں پارٹی کے یوم تاسیس کے جلسے سے خطاب کیا۔الیکشن کمیشن کے مطابق بلاول زرداری، اراکین قومی اسمبلی خورشید شاہ، عبدالقادر پٹیل، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ، سعید غنی، نثار کھوڑو اور رکن خیبرپختونخوا اسمبلی نگہت اورکزئی کو نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ریجنل الیکشن کمشنر کے مطابق خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان ہو چکا ہے، پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول اور دیگر اراکین اسمبلی نے پابندی کے باوجود جلسے میں شرکت کی جو سیاسی جماعتوں کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ارکین اسمبلی سمیت تمام سرکاری عہدیداروں کو بلدیاتی انتخابات کی مہم میں حصہ لینے سے منع کیا گیا تھا، جلسے سے خطاب کرکے سیاسی جماعتوں کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔الیکشن کمیشن نے بلاول زرداری سمیت 7 ارکین اسمبلی کو 3 دسمبر کو ساڑھے گیارہ بجے ریجنل الیکشن کمشنر پشاور طلب کرلیا ہے اور عدم پیشی کی صورت میں معاملہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے حوالے کیا جائے گا۔