فیصل آباد:وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی وترقی اسد عمر نے کہاہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق صنعت سے وابستہ افرادکی آسانی اور معاشی استحکام کیلئے کاروباری لوگوں کی مشکلات کا ازالہ کیا جارہا ہے اور انہیں تمام تر بنیادی سہولیات ایک ہی چھت تلے میسر آئیں گی۔
اسد عمر کی سربراہی میں اسلام آباد میں اہم اجلاس ہوا جس میں چیئرمین فیڈمک ظفر اقبال سرور،چیئرمین سی پیک اتھارٹی محمد خالد منصور،سیکرٹری بورڈ آف انویسٹمنٹ(BOI) مسز فرینہ مظہر،چیف ایگزیکٹو آفیسر فیڈمک رانا محمد یوسف نے شرکت کی۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر فیڈمک رانا محمد یوسف نے سپیشل اکنامک زون بارے تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں ملک میں صنعتی سرگرمیوں کے فروغ اور صنعت کاروں کی آسانی کیلئے اقدامات کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ بزنس مین کو مختلف محکمہ جات کے چکر نہیں لگانا پڑینگے اور این او سی کی جگہ (compliance regime)کا اجراء کیا جائیگا۔
پلاٹس کی الاٹمنٹ کے سلسلہ میں سپیشل اکنامک زون ڈویلپرز سے رجوع کیا جائے گا جبکہ اس ضمن میں ریگولیٹری کے فرائض بورڈ آف انویسٹمنٹ سرانجام دے گا صنعتی سرگرمیوں کو مزید آسان بنانے کیلئے ون ونڈ و سسٹم لانے کی حکمت عملی طے کی گئی ہے۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ مختلف وفاقی،صوبائی محکمہ جات کی جانب سے اپروول کے معاملہ میں بھی آسانی پید اکردی گئی ہے۔ حکومت معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور بزنس میں آسانی کیلئے ٹھوس اور موثر اقدامات کررہی ہے۔
وفاقی وزیر نے چیئرمین فیڈمک ظفر اقبال سرور کی کاوشوں کو بھی سراہا۔