چین کے نائب وزیراعظم کا یورپی یونین کے ساتھ تعاون بڑھانے پر زور

296

چین کے نائب وزیر اعظم لیو ہی نے چین اور یورپی یونین پر عالمی وبائی مرض کے بعد کے دور میں عملی تعاون کو مستحکم بنانے پر زور دیا ہے۔کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن لیو نے یہ بات 9ویں ہیمبرگ سربراہی اجلاس میں کہی جہاں انہوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے کلیدی خطاب کیا۔لیو نے کہا کہ چین کی معیشت رواں سال کے آغاز سے مسلسل بحال ہو رہی ہے اور اس کی ترقی، روزگار، قیمتیں اور ادائیگیوں کا توازن عام طور پر معمول پر ہے۔انہوں نے کہا توقع ہے کہ چین کی سالانہ اقتصادی ترقی اپنے ہدف سے بڑھ جائے گی، چین کو اگلے سال کے لیے اپنی معیشت پر مکمل اعتماد ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اگلے سال بہتر کاروباری ماحول پیدا کرنے کے لیے مارکیٹ رسائی کو بڑھانے اور منصفانہ مسابقت کو فروغ دینے پر اپنی توجہ مرکوز رکھیں گے۔لیو نے کہا کہ چین اور یورپی یونین کو دو بڑی معیشتوں اور عالمی اقتصادی بحالی کے لیے دو بڑی قوتوں کے طور پر عالمی وبائی مرض کے بعد کے دور میں عملی اقتصادی اور تجارتی تعاون کو مستحکم بنانے کا عمل جاری رکھنا چاہیے، مشترکہ طور پر سبز اور کم کاربن کی تبدیلیوں کو فروغ دینا چاہیے، تجارت اور سرمایہ کاری کے تعاون کو گہرا کرنا چاہیے، سپلائی چینز کے محفوظ اور ہموار آپریشنز کا تحفظ کر تے ہو ئے ایشیایورپ باہمی رابطے کو فروغ دینا چا ہئے۔انہوں نے چین اور یورپی یونین سے بات چیت  اور مکالمیکے ذریعے باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے اور باہمی تشویش کے حامل مسائل پر اتفاق رائے تک پہنچنے کی کوششوں پر بھی زور دیا۔