ٹھٹھہ ،قبضہ مافیا کے باعث ہندو کمیونٹی عدم تحفظ کا شکار

120

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) ٹھٹھہ کے ہندو پنچائت کے رہنما عدم تحفظ کا شکار ہونے لگے، نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کرکے جھمپیر کے تاریخی مندر ٹھاکر دوراکا مندر کے پلاٹ سے قبضہ چھڑانے اور تحفظ کا مطالبہ ۔ اس سلسلے میں کنیا لال، رمیش کمارلوہانہ، دریانو مل، کاکا لالچند، ہیرالال ، مکیش کمار اورسریش کمار و دیگر نے کہا ہے کہ جھمپیر کے تاریخی مندر جو کہ 1888ء میں تعمیر ہوا تھا 1988ء کے ریکارڈ کے مطابق ایک ایکڑ 24 گھنٹہ اراضی مندر کی پراپرٹی ہے یونین کونسل جھمپیر کے سابق چیئرمین ہاشم سولنگی اور اس کے بیٹے سلمان سولنگی نے مندر کی اراضی پر قبضہ کرکے تعمیراتی کام شروع کر رکھا ہے۔ ایس ایچ او جھمپیر بھی قبضہ مافیا سے ملا ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے مندر کی اراضی پر قبضہ کیا گیا ہے اور روز بہ روز ہماری املاک کونقصان پہنچایا جارہا ہے لیکن سوشل میڈیا پر ہمارے خلاف غلط پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قبضہ مافیا کی وجہ سے ہندو کمیونٹی عدم تحفظ کا شکار ہے۔ انہوں نے پی پی پی چیئرمن بلاول زرداری وزیراعلیٰ سندھاور آئی جی سندھ سے اپیل کی ہے کہ مندر کی اراضی سے قبضہ ختم کراکر ہمیں تحفظ فراہم کیا جا ئے۔