عمران خان اتنا ظلم کریں جتنا برداشت کرسکیں،بلاول زرداری

138

پشاور (آن لائن )پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ الیکٹرونک ووٹنگ مشین اور انتخابی اصلاحات کے نام پر سمندر پار پاکستانیوں کے ساتھ گیم کھیلا جا رہا ہے ،خان صاحب سازش کررہے ہیں جس سے اوورسیز پاکستانیوں کا نقصان ہے لیکن ہم ہمیشہ ان کے حقوق کا تحفظ کرنا چاہیں گے کیونکہ یہ ہمارے لوگ ہیں، ملک میں ووٹ پر ڈاکا ڈالا جا رہا ہے ،تبدیلی کا اصل چہرہ تاریخی مہنگائی اوربیروزگاری ہے، آئی ایم ایف سے ڈیل غیر قانونی ہے،لیکٹڈ کی ناکام معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ہر طبقہ پریشان ہے،عمران خان اتنا ظلم کریں جتنا برداشت کر سکتے ہیں، آج لوگوں کاجم غفیردیکھ لیں،لوگ پیپلزپارٹی کیساتھ ہیں، پی ڈی ایم کا پشاورجلسہ بھی ناکام رہا،یہ حکومت کون ہوتی ہے از خود دہشتگردوں سے مذاکرات کرنے والی، مذاکرات کیلئے پارلیمان کواعتماد میں لینا چاہیے، دہشت گردوں سے بات چیت کوتسلیم نہیں کریں گے۔منگل کو پاکستان پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر پشاور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول زرداری نے کہا کہ کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ وزیراعظم نے ہدایت دی تھی کہ پیپلز پارٹی کا جلسہ پشاور میں نہیں ہو گا، انتظامیہ نے اس جلسے کے لیے اجازت نہیں دی لیکن سلیکٹڈ دیکھو آج پورا کا پورا پشاور یہاں پیپلز پارٹی کے جلسے میں موجود ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آپ کے کاغذی وزیر اعلیٰ نے اسی مقام پر جلسہ کرنے کی کوشش کی لیکن سلیکٹڈ وزیر اعلیٰ کو پشاور اور پختونخوا کے عوام نے رد کردیا، ہمارے کچھ دوستوں نے بھی پشاور میں جلسہ رکھنے کی کوشش کی اور اب وہ تحقیقات کررہے ہیں کہ کیوں اتنی جماعتیں اکٹھی ہونے کے باوجود ان کا بھی پشاور کا جلسہ ناکام ہی رہا۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ عمران خان نے وعدہ کیا تھا کہ آئی ایم ایف کے پاس جانے سے پہلے وہ خود کشی کر لیں گے لیکن انہوں نے خودکشی کرنے کے بجائے عوام کو غربت میں دھکیل دیا ہے اور عوام دشمن پالیسیاں کی وجہ سے پاکستان کے عوام خودکشی پر مجبور ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حکومت نے عام آدمی کا جینا حرام کردیا ہے، سلیکٹڈ حکومت ہر طرف حملہ آور ہے۔ حکومت ناکام رہی ہے اور ان کی نالائقی اور نااہلی کی کی وجہ سے وہ ملک جو خود اپنی گیس پیدا کرتا ہے، اب آنے والے مہینے میں ہمارے ملک میں گیس نہیں ہو گی جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔