شیخوپورہ میں ایم2 کالاشاہ کاکو پر دھند کے باعث 30 سے زائد گاڑیاں آپس میں ٹکرانے سے 20 مسافر زخمی ہوگئے۔
ریسکیو 1122 اور ایف ڈبلیو او کی ٹیمیں امدادی کارروائیوں کیلئے جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو 1122 کے مطابق 10 زخمیوں کو ٹی ایچ کیو مریدکے منتقل کر دیا گیا۔ حادثے کے بعد موٹروے پر گاڑیوں کی لائن لگ گئی جبکہ سڑک بلاک ہونے سے ریسکیو کی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کے باعث لاہور سے ملتان آنے والی موٹر وے ایم تھری کو جڑانوالہ تک اور پشاور سے اسلام آباد آنے والی موٹر وے کو رشکئی تک بند کیا گیا تھا۔ موٹروے پولیس نے ہدایت کر رکھی ہے کہ شہری دوران سفر فوگ لائٹس کا استعمال لازمی کریں۔