بااختیار پارلیمنٹ پر کوئی سودے بازی نہیں کریں گے، آصف زرداری

272

پیپلزپارٹی شریک چیئرمین آصف زرداری نے کہا ہےکہ بااختیار پارلیمنٹ اورعوام کے حق حاکمیت پر کوئی سودے بازی نہیں کریں گے،اس سوچ کو شکست دیں گے جو جمہوریت سے نفرت کرتی ہے۔

سابق صدر آصف زرداری نے پاکستان پیپلزپارٹی کے 54 ویں یوم تاسیس کے موقع پر پیغام میں کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اپنے بانی کے فلسفے اور منشور پر ثابت قدم ہے، قائدعوام ذوالفقارعلی بھٹو شہید نے ملک میں پارلیمانی نظام کے لییجدوجہد کی تھی اور ملک کو پارلیمانی نظام دیا تھا، آج کے دن ہم اپنے عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ پارلیمانی نظام کا مکمل دفاع کرتے رہیں گے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ بااختیار پارلیمنٹ اور عوام کے حق حاکمیت پر کوئی سودے بازی نہیں کریں گے اور اس سوچ کو شکست دیں گے جو جمہوریت سے نفرت کرتی ہے، اسلام ہمارا دین ہے، سوشلزم ہماری معیشت ہے، جمہوریت ہماری سیاست ہے اور طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں۔

سابق صدرنے کہا کہ قائدِ عوام کے دیے ہوئے منشور کے ساتھ پاکستان پیپلزپارٹی 54 سال سے جدوجہد کرتی رہی ہے، پیپلزپارٹی جب بھی اقتدار میں آئی عوام کی طاقت اور ووٹ سے آئی ہے، اس لیے ہماری ترجیح صرف عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے پر مبذول رہی ہے، پی پی کی قیادت اور کارکنوں کو ملک، آئین اورجمہوریت اس لیے سب سے ذیادہ عزیز ہے، پی پی نے اس ملک کی دوبارہ تعمیر کی، ملک کو آئین دیا اور عوام کو جمہوری حقوق دیے۔