اسلام آباد کے تمام تعلیمی ادارے آج سے احتجاجاً بند کرنے کا اعلان

251

اسلام آباد (صباح نیوز+اے پی پی) لوکل گورنمنٹ آرڈیننس کے تحت تعلیمی اداروں کومیونسپل کارپوریشن کے ماتحت کرنے کے خلاف فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشن جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تمام تعلیمی ادارے احتجاج کے طور پر آج (منگل) سے بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ چیئرمین فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشن جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ حکومت نے آرڈننس کے ذریعے تمام تعلیمی اداروں کو بلدیاتی ادارے کے میئر کے
ماتحت کر دیا ہے، اندیشہ ہے کہ ملازمین کی سول گورنمنٹ کا اسٹیٹس ختم کردیا جائے گا اور ادارے پرائیویٹ ہو سکتے ہیں، تعلیمی اداروں میں سیاسی دخل اندازی کا خدشہ ہے، آج (منگل) سے بچوں کو نہیں پڑھائیں گے، اساتذہ و غیر تدریسی عملہ اداروں میں احتجاج کریں گے۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ تعلیمی ادارے مقامی حکومتوں کے ماتحت کرنے سے اساتذہ کی ملازمت، مراعات اور حقوق پر کوئی اثر نہیں پڑے گا وہ پروٹیکٹ ہوں گے۔ پیر کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ تبدیلی کی وجہ سے اساتذہ میں تشویش پائی جاتی ہے۔ پوری دنیا میں پرائمری اور سیکنڈری تعلیم مقامی حکومتوں کے پاس ہوتی ہے اور ہم بھی یہ سمجھتے ہیں کہ یہاں پر بھی وہی چیز ہونی چاہیے جو پوری دنیا میں رائج ہے۔