افغانستان میں وسائل کی کمی سے انسانی بحران پیدا ہوسکتا ہے،شیخ رشید

191
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید سے ڈنمارک کی سفیر لیز روزن ہوم ملاقات کررہی ہیں

اسلام آباد ( آن لائن ) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے ڈنمارک کی سفیر لیزروزون ہوم کی ملاقات ۔ ملاقات میں پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان تعلقات کو کثیر الجہتی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ۔ ملاقات کے دوران وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان روابط کو مزید فروغ دیا جائیگا ،پاکستان ڈنمارک کی مختلف شعبوں میں اعلیٰ مہارت سے استفادہ کریگا دونوں ممالک کاروباری رکاوٹوں کو ختم کرینگے ۔ ملاقات کے دوران وزیر داخلہ نے افغانستان کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان افغانستان میں پائیدار امن کی کوششیں جاری رکھے گا، افغان شہریوں بالخصوص بچوں اور خواتین کو اشیائے ضروریہ کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر افغان شہریوں کی مدد اور معاونت کرے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان نے ایک لاکھ سے زائد افغان شہریو ں کو افغانستان سے انخلاء میں معاونت کی ہے ہمیں تشویش ہے کہ وسائل کی کمی کے باعث افغانستان میں کہیں انسانی قحط نہ پیدا ہوجائے ۔ اس موقع پر ڈنمارک کے سفیر نے کہا کہ پاکستان اور ڈنمارک کے دو طرفہ تعلقات میں تجارت اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔ افغانستان میں پائیدار امن کے خواہشمند ہیں، افغانستان میں امن و استحکام کیلیے پاکستان کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ سفیر نے کہاکہ پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان دوطرفہ گرین معاہدہ پر جلد دستخط ہوجائینگے ،گرین معاہدے سے پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان کاروباری تعلقات میں وسعت آئیگی۔