منی بجٹ ملکی سلامتی کیلئے خطرے کی گھنٹی ہے،شہباز شریف

185

لاہور( نمائندہ جسارت)مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی شرائط پر ایک اور منی بجٹ نے قوم سے کہی میری ایک اور بات سچ اور حکومت پھر جھوٹی ثابت ہوگئی، قوم اور پارلیمنٹ سے جھوٹ بولا گیا کہ قوم کے مفادات کے تحفظ میں حکومت نے مجرمانہ کردار ادا کیا ہے۔ایک بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی شرائط پر منی بجٹ لانے کی اطلاع پاکستان کی قومی سلامتی کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے، باربار خبردار کرچکا ہوں کہ یہ حکومت پاکستان کی معاشی خود مختاری کے خلاف سازش ثابت ہوئی ہے،منی بجٹ کے ساتھ اسٹیٹ بینک اور جی ایس ٹی سے متعلق قانون سازی پاکستان کو آئی ایم ایف کا معاشی غلام اور گورنر کو آئی ایم ایف کا وائسرائے بنا دے گی،آئی ایم ایف کی موجودہ شرائط کے نتیجے میں پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور مستقبل میں حکومتی نظام مفلوج ہو جانے کے سنگین خطرات اور خدشات ہیں ،منی بجٹ لانے کے بجائے عمران نیازی استعفا دیں، حکومتی اتحادی جماعتوں کو قومی مفاد میں منی بجٹ کے خلاف کھڑا ہونا چاہیے،منی بجٹ منظور ہونے کا مطلب پاکستان اور عوام کے مستقبل پر غلامی کی مہر لگاناہے،متحدہ اپوزیشن سے ملکر پاکستان اور عوام دشمن حکومتی منی بجٹ اور قانون سازی کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، حکومت کا راستہ روکیں گے ،منی بجٹ مہنگائی سے بدحال قوم کے لیے موت کا پروانہ ہے ،مزید پیٹرول ،بجلی، گیس مہنگی ہو گی، قوم کا زندگی گزارنا مزید ناممکن ہوگا، غربت ظلم کی حدیں عبور کر چکی ہے ،ٹیکس میں اضافے سے کاروبار مزید ختم، معیشت کا حجم مزید سکڑ جائے گا، لاکھوں مزید بے روزگار ہوں گے،مہنگائی کی قیامت صغریٰ برپا ہوچکی،ظالم حکومت سے نجات ہی قوم کے لیے راہ نجات ہے، قومی بجٹ عوام کیساتھ سنگین دھوکا اور فریب تھا۔