چارسدہ قرآن کی بے حرمتی کرنے والا شخص گرفتار، مقدمہ درج

162

پشاور(آن لائن)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت پیر کے روز امن و امان کی صورتحال سے متعلق اعلیٰ سطح کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبہ بھر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال بالخصوص گزشتہ روز ضلع چارسدہ کے علاقہ مندنی میں پیش آنے والے نا خوشگوار واقعے کے مختلف پہلوئوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔اجلاس کے شرکاء کو پولیس کے اعلیٰ حکام کی جانب سے واقعے سے پیدا شدہ صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے پولیس کے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ علاقے میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے مبینہ واقعہ کے بعد مشتعل ہجوم کی طرف سے ایک پولیس اسٹیشن اور مختلف چوکیوں کو ریکارڈ سمیت نذر آتش کیا گیا۔ مزید بتایا گیا کہ بعض عناصر اور جرائم پیشہ افراد نے لوگوں کو سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے پر اُکسایا ہے جن کی نشاندہی کر لی گئی ہے ۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ قرآن پاک کی مبینہ بے حرمتی کرنے والے شخص کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ اجلاس میں مشتعل ہجوم کی طرف سے سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جلائو گھیرائو میں ملوث عناصرکے خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ قرآن پاک کی بے حرمتی ایک انتہائی افسوسناک واقعہ ہے اور بے حرمتی کرنے والے شخص کو قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دلائی جائے گی۔ اُنہوںنے مزید کہاکہ حکومتی رٹ کو چیلنج کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔