اسلام آباد(اے پی پی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جب تک مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل نہیں ہوتاخطے میں دیرپا امن ممکن نہیں،سیاسی اختلافات کے باوجود مسئلہ کشمیر پر پوری پارلیمنٹ کا یک آوازہونا خوش آئند ہے،تمام ادارے ایک صفحہ پر ہیں،5 اگست 2019 ء کے یکطرفہ بھارتی اقدام کے بعد اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا گیا،سلامتی کونسل میں ان کے دعوے کی عملاً نفی ہوئی، او آئی سی، اقوام متحدہ کے بعد دوسرا بڑا فورم ہے۔ پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کا اجلاس پیر کو پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ جس میں پاکستانی نژاد امریکی ڈیموکریٹک رہنما طاہر جاوید نے اجلاس میں شرکت کی۔چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بین الاقوامی فورمز پر اجاگر کرنے پر پاکستانی تارکین وطن کے کردار کو سراہا۔امریکی ڈیموکریٹک رہنما نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی امریکا میں بہت متحرک ہے۔چیئرمین کشمیر کمیٹی نے کہا کہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے اور ان کی ٹیم نے امریکا سمیت مختلف ممالک میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے اہم شخصیات سے ملاقاتوں میں میری معاونت کی۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اجلاس میں بھارتی غیر قانونی زیرتسلط جموں و کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی ۔