لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) وائس چانسلر جامعہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر انیلا عطاالرحمن نے اپنا دورہ برطانیہ منسوخ کر دیا ہے، یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے سیکرٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کو لکھے گئے خط میں وائس چانسلر جامعہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر انیلا عطاالرحمن کو بیرون ملک جانے کے لیے 19 نومبر کو لی گئی این او سی کو منسوخ کرنے کا کہا گیا ہے، جاری کردہ لیٹر میں کہا گیا کہ وائس جانسلر نجی دورے پر 10 روز کے لیے برطانیہ جانا چاہتی تھیں لیکن نوشین کاظمی ہلاکت معاملے کے باعث دورہ منسوخ کردیا گیا۔ اس وقت وائس چانسلر کی جامعہ میں موجودگی زیادہ ضروری ہے اس لیے 19 نومبر کو دی گئی این او سی کو منسوخ کیا جائے۔اس حوالے سے وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ اس نازک حالات میں اپنا دورہ منسوخ کررہی ہوں، جامعہ کے طلبہ میرے بچوں جیسے ہیں اور جامعہ میری پہلی ترجیح ہے اور اس صورتحال میں میری جامعہ میں موجودگی زیادہ ضروری ہے۔