لگتا ہے حکومت نے مافیاز کو کھلی چھوٹ دے دی ہے،احسن اقبال

186

اسلام آباد (صباح نیوز) مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ لگتا ہے حکومت نے مافیاز کو کھلی چھٹی دے دی ہے کہ وہ جتنا مرضی عوام کا پیسہ لوٹیں‘ ان کو کوئی پوچھنے والا نہیں‘ پاکستان کے انتخابی نظام میں نہ ہمیں ای وی ایم کی ضرورت ہے اور نہ کسی قانون کو بدلنے کی ضرورت ہے‘ ہمیں صرف یک نکاتی اصلاح کی ضرورت ہے کہ ہماری ریاست کے ادارے غیرجانبدار ہوجائیں‘ نواز شریف کے کیس میں سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس (ر) میاں ثاقب نثار کی آڈیو پہلی اور حتمی گواہی نہیں ہے‘ رانا محمد شمیم نے قرآن پر ہاتھ رکھ کر میاں ثاقب نثار کے خلاف بیان حلفی دیا ہے‘ اب عدالت کا فرض ہے دونوں کو بلائے اور اس بات کا فیصلہ کرے کہ کون جھوٹ کہہ رہا ہے اور کون سچا ہے۔ ان خیالات کا اظہار احسن اقبال نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ پی ڈی ایم بہت کامیابی سے اپنے مقصد کے حصول کی جانب بڑھ رہی ہے‘ حکومت کی ناقص معاشی پالیسی کی وجہ سے ملک پر مہنگائی اور بیروزگاری کا طوفان ٹوٹ چکا ہے‘ مہنگائی کے پیچھے جو محرکات ہیں اس حوالے سے یہ کہنا کہ حکومت کو مہنگائی ورثے میں ملی یہ درست نہیں‘ (ن) لیگ کی حکومت میں مہنگائی کی شرح 4 سے 5 فیصد تھی جو موجودہ حکومت کے دور میں 9 سے10فیصد تک پہنچ چکی ہے‘ مہنگائی کی اصل وجہ حکومت کی جانب سے بغیر سوچے سمجھے پاکستانی روپے کی قدر میں کمی کرنا ہے‘ اپوزیشن کے اندر فیصلہ سازی کا فقدان نہیں۔