ملک کومشکل حالات سے پی پی ہی نکال سکتی ہے، یوسف رضا گیلانی

204

ملتان (صباح نیوز) سابق وزیراعظم و قائد حزب اختلاف سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پا کستان کو موجودہ مشکل حالات سے صرف پیپلزپارٹی ہی نکال سکتی ہے کیونکہ عوام کے سامنے دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو چکا ہے، پارٹی چیئرمین بلاول زرداری عوامی حقوق کی توانا آواز ہیں یہی وجہ ہے کہ لو گ پیپلزپارٹی میں شامل ہو رہے ہیں مسلم لیگ (ق) کے ضلعی صدر خانیوال سردار وہاب سلطان کی پیپلز پارٹی میں شمولیت خوش آئند ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گیلانی ہائوس اسلام آباد میں (ق) لیگ خانیوال کے ضلعی صدر سردار وہاب سلطان کی پارٹی رہنمائوں کے ہمراہ پیپلز پارٹی میں شمولیت کے اعلان کے موقع پر کیا اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیر بخاری بھی موجود تھے اس موقع پر سردار وہاب سلطان نے کہا کہ بلاول زرداری امید پاکستان ہیں جو ملک وقوم کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر حقیقی معنوں میں گامزن کرسکتے ہیں، سردار وہاب سلطان نے خانیوال میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کے حق میں بھر پور انتخابی مہم چلانے کا اعلان کیا اور یقین دلایا کہ خانیوال میں عوام لوٹوں کو مسترد کرد یں گے ۔