اسلام آباد (آن لائن) مرکزی سیکرٹری اطلاعات پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز و رکن قومی اسمبلی شازیہ عطا مری نے آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی رپورٹ جس میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کے کورونا امدادی پیکج میں 40ارب روپے کی بے ضابطگیاں ہوئی ہیں۔ اسی طرح بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں 25 ارب اور دیگر اداروں میں بھی اربوں روپے کی بے ضابطگیوں کے انکشاف پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اربوں روپے کی اس خوردبرد کے ذمے دار عمران خان ہیں،کورونا وبا کے فنڈز کو بھی عمران خان نے نہیں بخشا اور نہ ہی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے پیسے لوٹنے میں کوئی قباحت محسوس کی۔ یہ پیسے غریب اور بیوہ خواتین کی امانت ہیں۔ پیپلزپارٹی اقتدار میں آکر غریب اور بیوہ خواتین کی رقم عمران خان کے جبڑے سے نکالے گی۔ شازیہ مری نے کہا کہ عمران خان نے بینظیر ایمپلائز اسٹاک سے بھی محنت کشوں کے 25ارب روپے چوری کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چوکیدار چور بن جائے تو گھر میں ڈاکے تو پڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا کرپشن کے خلاف بیانیہ مگرمچھ کے آنسو ہیں۔ انہوں نے اقتدار میں آکر جو لوٹ مار کی ہے اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔