الائیڈ بینک کے ریٹائرڈ ملازمین نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کے سامنے کیے گئے پُرامن احتجاجی مظاہرے میں سپریم کورٹ کے چیف جسٹس گلزار احمد سے پُرزور اپیل کی ہے کہ وہ بینک پنشنروں کے حق میں سپریم کورٹ کے 2018 اور 2020 کے فیصلوں پر عملدرآمد کے معاملے میں ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے بینک انتظامیہ کو پابند کریں کہ وہ پنشنروں کو سپریم کورٹ کے فیصلوں کی روشنی میں مالی اور قانونی حقوق کی ادائیگی بلاتاخیر یقینی بنائیں۔ مظاہرین کے مطابق سپریم کورٹ نے پنشنروں کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے انصاف کا پرچم بلند رکھا اور پنشنروں پر احسان عظیم فرمایا لیکن ان فیصلوں پر عمل نہ کرکے بینک انتظامیہ توہین عدالت کی مرتکب ہورہی ہے جس پر عدالت عالیہ کو ان کے خلاف کارروائی کرنی چاہئے۔ بینک انتظامیہ فیصلوں پر عملدرآمد کرنے کے بجائے تاخیری ہتھکنڈے استعمال کرتے ہوئے مقدمات کو طول دینے کی کوششوں میں مصروف ہے جس کی مظاہرین نے شدید الفاظ میں مذمت کی۔ مظاہرین نے احتجاجی بینر اُٹھا رکھے تھے جس پر یہ نعرے درج تھے کہ’’ انصاف کو عزت دو اور سپریم کورٹ کے فیصلوں کا احترام کرو‘‘۔ بینک کے ریٹائرڈ ملازمین نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں ایک یادداشت بھی جمع کروائی جس میں سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سے اپنے فیصلوں پر عملدرآمد کروانے کی اپیل کی گئی۔ مظاہرین نے بعد میں کراچی پریس کلب کے سامنے بھی مظاہرہ کیا۔