ججز کے سیمینار میں چیف گیسٹ اسے بلایا گیا جسے سپریم کورٹ نے سزا دی، وزیراعظم

358

جہلم: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کرپشن کو برائی نہ سمجھنے والا معاشرہ کبھی نہیں چل سکتا، سپریم کورٹ کے ججز سے متعلق ایک سیمینار لاہور میں ہوا، اس سیمینار میں چیف گیسٹ اسے بلایا گیا جسے اسی سپریم کورٹ نے سزا دی۔

جہلم میں القادر یونیورسٹی کے اکیڈمک بلاک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ  بدقسمتی سے کلونیل ازم کی وجہ سے مسلمان دنیا میں ذہنی غلام ہیں اور ہمارے نظام تعلیم میں فرق ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ بنا۔

انہوں نے کہا کہ سائنس اوراسلام میں لڑائی نہیں تھی لیکن نظریات میں فرق تھا، ملک میں سب سے بڑا مسئلہ مغربی ثقافت کا عام ہونا ہے، مغربی ثقافت روحانی طور پر زوال پذیر ہے، موبائل فون انقلاب ضرور لایا لیکن اخلاقی طور پر نوجوانواں کو کمزور کرنے میں کردار ادا کر رہا ہے، بچوں اور نوجوانوں کی سرگرمیوں کی نگرانی لازمی ہے، بچوں اور نوجوانوں کو بہترین سرگرمیوں کے لیے چوائس دیا جائے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ دنیا کے عظیم لیڈر تھے، بحیثیت تاریخ کا طالب علم میں اس نتیجے پر پہنچا کہ رسول اللہ ﷺ کی سیرت پر چلنے میں کامیابی ہے، جو لوگ رسول اللہ ﷺ کی راہ پر چلتے ہیں وہی آگے جاتے ہیں، اللہ نے مجھے شہرت ،پیسہ اور سب کچھ دیا، میں سیاست میں تبدیلی لانے کے لیے آیا، خواہش تھی ملک میں سیرت ﷺ اتھارٹی قائم کریں، ریسرچ سے ہی جامعات بنتی ہیں، ریسرچ ہوئی ہی نہیں کہ دنیا کی امامت کس نے اور کس طرح کی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں چوری کرنے والا لیڈر شپ نہیں کرسکتا کیوں کہ وہ معاشرے کو نقصان پہنچاتا ہے، خود غرض آدمی کبھی قائد نہیں بن سکتا کیوں کہ وہ اپنی ذات سے اوپر سوچتا ہے، اور بزدل انسان لیڈر شپ کر ہی نہیں سکتا، جبکہ سچا اور انصاف کرنے والا ہی بڑا لیڈر بن سکتا ہے۔ کسی ملک پر کرپٹ لیڈر سے بڑا اور کوئی عذاب نہیں ہوسکتا، لیڈر کبھی ایسا نہیں کرتا کہ اپنے رشتہ داروں کو اہم عہدوں پر لے آئے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کرپشن کو برائی نہ سمجھنے والا معاشرہ کبھی نہیں چل سکتا، جب لیڈر ملک کا پیسہ چوری کرتا ہے تو اس پر اللہ کا عذاب آتا ہے۔

عاصمہ جہانگیر کانفرنس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے ججز سے متعلق ایک سیمینار لاہور میں ہوا، اس سیمینار میں چیف گیسٹ اسے بلایا گیا جسے اسی سپریم کورٹ نے سزا دی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جس معاشرے میں اخلاقیات نہ ہوں وہ معاشرہ تباہ ہو جاتا ہے، نوجوانوں کی سیرت النبیﷺ کے ذریعے اخلاقی تربیت کرنی ہے۔