کرونا امدادی پیکج میں 40ارب روپے کی بے ضابطگیاں ہوئی ہیں، شاز یہ مری 

523

اسلام آباد:مرکزی سیکریٹری اطلاعات پیپلز پارٹی شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے کرونا امدادی پیکج میں 40ارب روپے کی بے ضابطگیاں ہوئی ہیں۔ 

شازیہ مری نے کہا کہ اربوں روپے کی اس خردبرد کے ذمے دار عمران خان ہیں،کرونا وباء کے فنڈز کو بھی عمران خان نے نہیں بخشا اور نہ ہی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے پیسے لوٹنے میں کوئی قباحت محسوس کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ  یہ پیسے غریب اور بیوہ خواتین کی امانت ہیں۔ پیپلزپارٹی اقتدار میں آکر غریب اور بیوہ خواتین کی رقم عمران خان کے جبڑے سے نکالے گی، عمران خان نے بینظیر ایمپلائز اسٹاک سے بھی محنت کشوں کے 25ارب روپے چوری کئے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ چوکیدار چور بن جائے تو گھر میں ڈاکے تو پڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا کرپشن کے خلاف بیانیہ مگرمچھ کے آنسو ہیں۔ انہوں نے اقتدار میں آکر جو لوٹ مار کی ہے اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔