داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی میں شہید ڈاکٹر سلیم چوہدری بلاک کا افتتاح

386

کراچی (رپورٹ:حماد حسین) داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں ادارے کے سابق پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم چوہدری شہید بلاک کا افتتاح کردیا ہے، سابق پرنسپل سے منسوب بلاک شعبہ کمپیوٹر سائنس، سائبر سیکورٹی اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی کلاسز ، لیبارٹریز اور کمپیوٹر لیب پر مشتمل ہے۔

 پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم چوہدری 2001ء سے 2005ء تک داؤد کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے پرنسپل رہے، یونیورسٹی میں بننے والے اس نئے بلاک کا افتتاح پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم چوہدری کی اہلیہ سیما سلیم چوہدری اور بیٹی جویریہ سلیم چوہدری سے کرایا گیا۔

ڈاکٹر محمد سلیم چوہدری کی اہلیہ نے کہا کہ یہ فخر کرنے کا موقع ہے کہ وہ سلیم چوہدری شہید جنہوں نے بطور لیکچرار اس ادارے میں کام شروع کیا اور بطور پرنسپل اس ادارے کی ترقی اور بہتری کیلئے خدمات انجام دیں، وہ اب داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی کی ایک میراث بننے جارہےہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ  اپنے ہیروز اور شہیدوں کو یاد رکھنے میں ہی قوم کی بقاء ہے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی نے کہا کہ 2013ء میں جب میں بطور وائس چانسلر اس یونیورسٹی میں آیا تو اس ادارے کی بہترین ماضی اور چیلنجز سے بھرپور ماحول کے بارے میں جاننے کا موقع ملا۔

انہوں نے کہاکہ  یقیناً ڈاکٹر سلیم چوہدری شہید کیلئے چیلنجز بہت تھے اور ان سے نمٹنے کیلئے انہوں نے بہترین حکمت عملی اپنائی جس کا فائدہ آج تک ادارے کو ہورہا ہے ، ہمیں خوشی ہے کہ ان کی خدمات کے اعتراف میں اس بلاک کا افتتاح ان کے اہل خانہ سے کرایا ۔ تقریب کے انعقاد سے قبل داؤد یونیورسٹی میں قرآن خوانی کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔