سندھ میں گندم ،کھاد، چینی کی قلت کاالزام جھوٹاہے‘منظوروسان

194

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور وزیرِ اعلیٰ سندھ کے مشیرِ برائے زراعت منظور حسین وسان نے وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ اور وزیر برائے ایکسائز و ٹیکسیشن مکیش کمار چاولہ کے ہمراہ سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں مشترکہ پریس کانفرنس منعقد کی۔اس موقع پر منظور حسین وسان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت پر وزیر اعظم کے الزامات دراصل ان کی اپنی نالائقی اور نااہلی کو چھپانے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں گندم ،کھاد، چینی وغیرہ کی قلت کا الزام درست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے علاوہ باقی تین صوبوں میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے اور وہاں ان اشیاء کی شدید قلت کو چھپانے اور لوگوں کی تکالیف سے پہلو تہی کرنے کے لیے سندھ حکومت پر بے بنیاد الزامات لگائے جاتے ہیں۔ منظور حسین وسان نے کہا کہ پنجاب کے مقابلے میں سندھ میں یوریا اور جراثیم کش ادویات کم قیمت پر مل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے صوبے میں کھاد اور جراثیم کش ادویات کے تمام ڈیلرز کو مناسب قیمت پر فراہمی کی ہدایات دی ہوئی ہیں جو بھی ڈیلر خلاف ورزی کا مرتکب پایا جائے گا اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور جو کوئی گرانفروشی کا مرتکب پایا جائے گا اس پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔