معاشی تباہی جوہری پاکستان کیلیے زہر قاتل ہے ، شہباز شریف

179

 

 

لاہور(نمائندہ جسارت)مسلم لیگ (ن)کے صدر شہبازشریف نے ڈالر کی تاریخی بلندی کو معاشی تباہی کے طوفان کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈالر کی تاریخی بلندی
اور روپے کی گرتی قدر ملک میں حکومت اور درست معاشی پالیسی نہ ہونے کا ثبوت ہے ،جب وزارت خزانہ اپنے مشیر خزانہ کے بیان کی تردید کرے، جھوٹے اعدادوشمار دیے جائیں تو پھر معیشت کا ایسے ہی دھڑن تختہ ہوتا ہے ۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ریکارڈ تجارتی خسارہ ملکی معاشی تباہی کے خطرناک اشارے ہیں، کرنٹ اکائونٹ خسارے کی بلند ترین سطح معاشی غلط سمت کی بین دلیل ہے ،قرض، مہنگائی، خسارے، ڈالر ہر چیز ریکارڈ توڑ چکی ، ملک میںاگر عوام کی منتخب حکومت ہوتی تو آج یہ صورتحال نہ ہوتی ،ملک کو معاشی کھائی میں دھکیل دیاگیا ہے، جلد کچھ نہ کیاگیا تو واپسی بھی ناممکنات میں سے ایک مسئلہ بن جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ یکم دسمبر سے مزید قیامت خیز مہنگائی آنے والی ہے، ڈالر کی پرواز مہنگائی کی جلتی آگ پر تیل کا کام کررہی ہے ،معاشی تباہی جوہری پاکستان اور اس کی سلامتی کے مفادات کے لیے زہرقاتل ہے، خدارا آنکھیں کھولی جائیں ،معاشی تباہی سے ایسا طوفان اٹھے گا جس میں ہم فیٹف اوردیگر درپیش مسائل بھول جائیں گے ،پاکستان کی محب وطن قوتیں معاشی وعوامی تباہی پر حب الوطنی کے جذبے سے سوچ بچار کریں کیونکہ وقت تیزی سے گزر رہا ہے۔