ایمان انسان کو دوسرے پر زیادتی سے روکتا ہے‘ عطیہ نثار

206

سانگھڑ(نامہ نگار) حقیقی ایمان انسان کو دوسرے انسان پر زیادتی کرنے سے روکتا ہے ،ان خیالات کا اظہار نائب قیمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان عطیہ نثار نے جامعتہ المحصنات سنجھورو میں حلقہ خواتین سندھ کے تحت منعقدہ سہ روزہ تربیت گاہ برائے ارکان وامیدواران سے خطاب کے دوران کیا۔اس موقع پر ناظمہ صوبہ سندھ رخشندہ منیب،نائب ناظمہ سندھ عائشہ ودود ،ناظمہ ضلع ودیگر ذمے داران کے علاوہ ارکان وامیدواران کی کثیر تعداد موجود تھی۔ عطیہ نثار نے مزید کہا کہ اللہ کے حقیقی بندے اپنی بڑائی اور خوبیوں پر تکبر نہیں کرتے اور مخلص ایمان والوں کو ہی اللہ نیک عمل اور توبہ کی توفیق دیتا ہے۔ قرآن میں اولو العزم انبیا کے تذکرے ہماری زندگی میں مشعل راہ ہیں، ضرورت اس بات کی ہے کہ تلاوت قرآن کے ساتھ ساتھ اسکی آیات پر بھی غور کیا جائے کیوں کہ قرآن اپنے قاری پر اتنا ہی کھلتا ہے جتنا وہ چاہتا ہے ۔دریں اثناء اتوار کو امیرجماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی تربیت گاہ کے شرکاء سے خصوصی خطاب کریں گے۔