پشاور،یکم جنوری سے قبائلی اضلاع کے عوام صحت کارڈ پلس سہولت سے مستفید ہوسکیں گے، تیمور جھگڑا

512

پاک جرمن تعلقات کے ستر سال مکمل ہونے کے سلسلے میں جرمن ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (جی آئی زی) کے توسط سے پشاور کے عجائب گھر میں قبائلی اضلاع کی تصویری نمائش کا اہتمام کیا گیا۔ وزیرصحت و خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے جرمن سفارت خانے کے ناظم الامور ڈاکٹر ڈیش مان کے ہمراہ تصویری نمائش کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی تیمور جھگڑا کا کہنا تھا کہ جرمنی کے ساتھ 70 سال کے سفارتی تعلقات منانے پر خوش ہیں، پاک جرمن تعلقات تاریخ کا روشن باب ہے، جرمنی پختونخوا حکومت کو قبائلی علاقوں کے کئی پروجیکٹس میں سپورٹ فراہم کررہی ہے۔ وزیرصحت و خزانہ نے بتایا کہ تاریخ دان پشاور کے عجائب گھر کی اہمیت سے متفق ہیں۔ حکومت ثقافت کو فروغ دینے کے سلسلے میں اقدامات اٹھا رہی ہے، سیاح پشاور کا رخ کررہے ہیں، پشاور شہر قدیم تہذیبوں میں سے ایک ہے، قبائلی اضلاع کی تعمیر و ترقی بارے ان کا کہنا تھا کہ رواں سال 60 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ ضم شدہ قبائلی علاقوں کے لئے مختص کیا گیا ہے اور اگر باقی صوبے اپنا حصہ دیں تو یہ بجٹ 00 1 ارب روپے تک پہنچ جائے گا، پختونخوا حکومت نے سب سے پہلے صحت کارڈ پر مفت صحت کی سہولیات قبائلی اضلاع کو فراہم کیں اس کے بعد خیبرپختونخوا کے بندوبستی اضلاع کے عوام کو صحت کارڈ کا تحفہ دیا ہے،یکم جنوری سے قبائلی علاقوں کے عوام صحت کارڈ پلس پر منتقل ہوجائینگے۔ قبائلی اضلاع میں صحت سہولیات کی بہتری بارے وزیر صحت نے بتایا کہ قبائلی علاقوں میں 5 ارب روپے بی ایچ یوز کی حالت زار بہتر بنانے پر خرچ کررہے ہیں۔ جرمن سفارت خانے کے ناظم الامور ڈاکٹر ڈیش مان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ مختلف سطح پر باہمی تعاون شاندار طریقے سے جاری ہے، جی آئی زی اور دیگر پروگرام سے یہاں کے عوام کو نمایاں ریلیف فراہم کیا جارہا ہے، پاکستان کے ساتھ 70سالہ سفارتی تعلقات منائے جارہے ہیں، پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات ہیں اورآج تصویری نمائش میں شرکت بہتر تعلقات کار کی ایک کڑی ہے، تصویری نمائش میں شرکت پر خوشی ہوئی ہے، قبائلی علاقوں کے عوام نے بہادری سے دہشت گردی اور غربت جیسے مسائل کا مقابلہ کیا۔ تصاویر میں قبائلی علاقوں کی ثقافت،رہن سہن اور معمولات زندگی کی بہتر انداز میں عکاسی کی گئی ہے۔