سکھر، ڈاکٹر نوشین اور کانہا کمار کے قتل کیخلاف مظاہرہ

98

سکھر( نمائندہ جسارت) اقلیتی برادری کی کثیر تعداد نے پوج ہندو پنچائت سکھر، ہندو نوجوان سنگت، ہیومین رائٹس آرگنائزیشن سکھر کے زیر اہتمام ببرلو میں ذیادتی کے بعد قتل کیے جانے والے بچے کانہا کمار سچدیو اور چانڈکا میڈیکل کالج میں ڈاکٹر نوشین کاظمی کے قتل کیخلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا دیاگیا، مظاہرین کی قیادت ہیو مین رائٹس آرگنائزیشن سکھر کے صدر چندر بھان، مکھی ایشور لعل ماکیجا ، صدر ہندو پنچائت سنگت سکھر ، رنجیت کمار سمیت دیگر کر رہے تھے، اقلیتی برادری سے اظہار یکجہتی کے لیے جئے سندھ محاذ کے مرکزی چیئرمین ریاض علی چانڈیو نے بھی اپنے ساتھیوں اور کارکنان کے ہمراہ شرکت کی، دھرنے کے موقع پر اقلیتی برادری کی جانب سے ببرلو میں قتل ہونے والے امر شہید کانھا کمار سچدیوکی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں جبکہ چانڈکا میڈیکل کالج میں ڈاکٹر نوشین کاظمی کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے نعرے بازی کی گئی ۔ اس موقع پر رہنماؤں نے حکومت پاکستان اور حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کے وعدے کے مطابق اقلیتی برادری کو پاکستان میں تحفظ فراہم کیا جائے، اقلیتی برادری پاکستان کی تعمیر و ترقی میں حکومت کے ساتھ ہر موڑ پر کھڑی ہے لیکن افسوس اقلیتی برادری کو انصاف و تحفظ فراہم نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے حکام سے پرزور مطالبہ کیا کہ ببرلو میں قتل ہونے والے کانھا کمار اور چانڈکا میڈیکل کالج میں قتل ہونے والی ڈاکٹر نوشین کاظمی سمیت ڈاکٹر نمرتا کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کر کے انہیں کیفر کردار تک پہنچا کر ورثا کو انصاف و تحفظ فراہم کیا جائے۔