شوگر ملز ریفرنس: التوا مانگنے پر عدالت شہباز شریف پر برہم

110

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور کی احتساب عدالت نے مسلم لیگ(ن) کے صدر و سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف، ان کے بیٹے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس کی سماعت، عدالت کا شہباز شریف پر اظہار برہمی، شہباز شریف کے وکیل کو آئندہ سماعت پر بہر صورت گواہان پر جرح کرنے کی ہدایت، ملزمان کے وکیل کی عدم دستیابی پر سماعت 13 دسمبر تک ملتوی کردی۔ احتساب عدالت کے جج محمد ساجد علی نے ریفرنس پر سماعت کی، شہباز شریف اور حمزہ شہبازنے اپنی حاضری لگوائی۔ شہباز شریف نے عدالت سے استدعا کی کہ ان کے وکیل امجد پرویزکی عدم دستیابی کے باعث اگلی سماعت کی تاریخ دے دیں جس پر عدالت کے جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیس مسلسل التوا میں جا رہا ہے، جب سے میں آیا ہوں کیس کی سماعت نہیں ہوئی۔ آئندہ بغیر سماعت کے تاریخ نہیں دی جائے گی۔ عدالت نے کارروائی ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ملزمان، گواہان سمیت وکلا کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔