کراچی: سپریم کورٹ کے حکم پر نسلہ ٹاور گرانے کیلیے پولیس نےلاٹھی چارج اور شیلنگ سے مظاہرین کومنتشر کردیا ، نسلہ ٹاور جانے والے راستے کو بھی بند کردیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نسلہ ٹاورکےاطراف میں مظاہرین کو منتشر کرنے کیلیے پولیس اوررینجرزکی نفری تعینات کردی گئی، پولیس کی جانب سے نسلہ ٹاور کے متاثرین پر لاٹھی چارج اور شیلنگ کی گئی ، جس کے نتیجے میں کئی مظاہرین زخمی ہوگئے۔
نسلہ ٹاورکے رہائشیوں نے آباد بلڈرز کے ہمراہ عمارت کو مسمار کرنے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بتائے کہ ہم کس ادارے کی این او سی حاصل کریں، جس کے بعد ہمارے گھر محفوظ ہوجائیں۔
آباد کے وائس چیئرمین کا کہنا تھا کہ کراچی کے لوگوں کے ساتھ ظلم کیا جارہا ہے ، کروڑوں، اربوں کا ٹیکس دینے والوں کو مارا جا رہا ہے، مظاہرین پر فائرنگ اور لاٹھی چارج کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر آدمی ڈرا ہواہے کہ کیا اب ہماری عمارتیں بھی گراد ی جائیں گی، سر چھپانے کے لیے کوئی بھی جگہ نہیں ہے جہاں عزت کےساتھ نسلہ ٹاور کے مستقل رہائشی زندگی گزار سکیں۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے آج کمشنر کراچی کو ایک ہفتے میں نسلہ ٹاور کو گرا کر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے، جس کے بعد آج نسلا ٹاور گرانے کے لیے جب مشینریز پہنچی تو وہاں کے مکینوں نے مسمار کرنے کے خلاف پُر امن احتجاج کیا ، جس پر پولیس اور ینجرز کی جانب سے لاٹھی چارج اور شیلنگ کی گئی جس کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہوگئے۔