سکھر آل پارٹیز کا نفر نس ہنمائوں کی سول اسپتال آ مد برہمی

296

سکھر( نمائندہ جسارت)آل پارٹیز کانفرنس سکھر کے رہنماؤں کا سول اسپتال کا دورہ ، مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کا جائزہ ، ناقص انتظامات پر سول اسپتال انتظامیہ پر سخت تنقید ، ایم ایس دفتر کے باہر احتجاجی دھرنا ، نعرے بازی ، مریضوں کو طبی سہولیات فراہمی یقینی بنانے کا پرزور مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق شہری مسائل کے حل کیلیے سیاسی ،سماجی تنظیموں پر مشتمل آل پارٹیز کانفرنس ضلع سکھر کے رہنمائوں حافظ محبوب علی سہتو ، مشرف محمود قادری ، صاحبزادہ حامد محمود فیضی ، کاشف قاضی،غلام نبی گانگھرو،انورکمال بلوچ،ماجد ڈنور و دیگر نے طبی سہولیات کی عدم فراہمی کی شکایات پر سول اسپتال سکھر کا دورہ کیا اور مختلف شعبہ جات میں زیر علاج مریضوں سے طبی سہولیات کے حوالے سے معلومات حاصل کیں ۔دورے کے دوران انہوں نے سابق میئر سکھر کے پرسنل فوٹوگرافر اشرف راہی کی زیر علاج اہلیہ کی بھی تیمارداری کی اور انہیں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ بعد ازاں وفد نے مریضوں کی شکایات پر ایم ایس سول اسپتال سکھر سے ملاقات کیلیے ان کے دفتر پہنچے تو ایم ایس سول اسپتال اپنے دفتر میں موجود نہیں تھے ۔بعد ازاں آل پارٹیز کانفرنس کے رہنماؤں نے مریضوں کے تیمارداروں کے ہمراہ ایم ایس آفس کے باہر دھرنا دیا اور نعرے بازی کی۔ اس موقع پر مذکورہ رہنمائوں کا کہنا تھا کہ انتہائی افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ سندھ کے تیسر ے بڑے شہر سکھر میں غریب لوگوں کو علا ج و معالجہ فراہم کرنے کیلیے قائم کردہ سول اسپتا ل مریضوں کو طبی امداد فراہم کرنے میں ناکام ہے ، سول اسپتال کو بھی سیاسی آماجگاہ بنا رکھا ہے لوگ علاج کیلیے سول اسپتال آرہے ہیں تاکہ انہیں علاج مہیا ہو سکے لیکن اسپتال انتظامیہ بالخصوص پرائیوٹ کلینک چلانے والے ڈاکٹرز مریضوں کا علاج کرنے کے بجائے انہیں مایوس کر رہے ہیں ، ادویات کی کمی ، ڈاکٹرز کی لاپرواہی ، مریضوں کے ساتھ اسٹاف کا نامناسب رویے سمجھ سے بالا تر ہوتا جا رہا ہے آل پارٹیز کانفرنس شہری مسائل پر کسی صورت خاموش اختیار نہیں کریگی اور ہر پلیٹ فارم پر شہری حقوق کیلیے آواز بلند کرے گی۔