اسلامی دنیا کو درپیش مسائل کا حل باہمی اتفاق و محبت میں ہے،سراج الحق

488
دوحا: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق قطر میں پاکستانی کمیونٹی ‘ چھوٹی تصویر میں افغانستان کے وزیر پیٹرولیم ملا شہاب الدین سے ملاقات کررہے ہیں

لاہور(نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے امت مسلمہ کے اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی دنیا کو درپیش مسائل کا حل باہمی اتفاق و محبت میں ہے۔ مسلمان ممالک افغانستان میں طالبان حکومت کو تسلیم کریں۔ افغانستان میں لاکھوں لوگوں کو خوراک کی ضرورت ہے اور وہ نامساعد حالات کی وجہ سے مشکل زندگی گزار رہے ہیں۔ جنگ زدہ ملک میں انفرااسٹرکچر کی بحالی کے لیے بھی بہت زیادہ فنڈز کی ضرورت ہے جس کے لیے عالمی طاقتوں اور مسلمان ممالک کو خصوصی طور پر افغانستان کی مدد کرنی چاہیے۔سراج الحق نے قطر کے دارالحکومت دوحا میں افغانستان کے وزیرپیٹرولیم اور مذاکراتی ٹیم کے رکن ملا شہاب الدین دلاور سے ملاقات کی ، جس میں دونوں رہنمائوں نے افغانستان کی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ طالبان کے دوحا آفس میں ہونے والی ملاقات کے دوران ترجمان ڈاکٹر محمد نعیم اورجماعت اسلامی کے ڈائریکٹر امور خارجہ آصف لقمان قاضی بھی موجود تھے۔سراج الحق نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ افغانستان میں امن ہو اور ملک افغان عوام کی مرضی کے مطابق آگے بڑھے۔ انھوں نے کہا کہ ایسا افغانستان وجود میں آئے جس کی خاطر لاکھوں افغان عوام نے قربانیاں دیں ، صعوبتیں اور مشکلات برداشت کیں۔اس موقع پر وزیرپیٹرولیم ملا شہاب الدین نے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان اور ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنھوں نے مشکل وقت میں ان کا ساتھ دیا۔امیر جماعت اسلامی 5 روزہ دورے پر قطر میں ہیں جہاں ان کی مسلم دنیا کے نامور علما، تنظیموں اور اہم سماجی و سیاسی شخصیات سے ملاقات کا سلسلہ جاری ہے۔ سراج الحق 27نومبر کووطن واپس پہنچیں گے۔