دوسرے نکاح کا حق

400

 

اسلام میں مرد کو ایک سے زیادہ نکاح کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:
’’جو عورتیں تم کو پسند آئیں، ان میں سے دو دو، تین تین اور چار چار سے نکاح کر لو‘‘۔ (النساء: 3)
ایک سے زیادہ نکاح کرنے کی اجازت اس سے مشروط نہیں ہے کہ پہلی بیوی بیمار ہو، یا کسی اور وجہ سے وظیفۂ زوجیت ادا کرنے پر قادر نہ ہو۔ تعدّدِ ازواج عورت کی ضرورت نہیں، بلکہ مرد کی ضرورت ہے۔ آپ نے جو عذرات بیان کیے ہیں وہ اگر نہ بھی ہوں، پہلی بیوی بالکل صحت مند ہو، پھر بھی شوہر اپنے لیے ضرورت محسوس کرتا ہے تو وہ دوسرا نکاح کر سکتا ہے۔
اسلام نے دوسرے نکاح کو عدل کے ساتھ مشروط کیا ہے۔ اسی لیے مذکورہ بالا آیت کا اگلا ٹکڑا ہے:
’’لیکن اگر تمھیں اندیشہ ہو کہ تم ان کے ساتھ عدل نہ کر سکوگے تو پھر ایک ہی بیوی کرو‘‘۔ (النساء: 3)
بیویوں کے درمیان عدل کا تذکرہ قرآن مجید کی ایک دوسری آیت میں بھی آیا ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:
’’بیویوں کے درمیان پورا پورا عدل کرنا تمھارے بس میں نہیں ہے۔ تم چاہو بھی تو اس پر قادر نہیں ہو سکتے۔ لہٰذا (قانونِ الٰہی کا منشا پورا کرنے کے لیے یہ کافی ہے کہ) ایک بیوی کی طرف اس طرح نہ جھک جاؤ کہ دوسری کو ادھرمیں لٹکتا چھوڑ دو‘‘۔ (النساء: 129)
اس آیت میں ’عدل‘ سے مراد رغبت، محبت اور دلی تعلق میں برابری نہیں ہے، کیوںکہ انسان اس پر قادر نہیں۔ اس لیے اس کا مطالبہ نہیں کیا گیا ہے۔ مطالبہ یہ ہے اگر کسی شخص کی ایک سے زیادہ بیویاں ہوں تو ظاہری معاملات میں ان کے درمیان فرق نہ کرے، بلکہ دونوں کا یکساں خیال رکھے۔ مولانا سید ابو الاعلیٰ مودودیؒ نے اس آیت کی تشریح میں لکھا ہے:
’’ مطلب یہ ہے کہ آدمی تمام حالات میں، تمام حیثیتوں سے دو یا زائد بیویوں کے درمیان مساوات نہیں برت سکتا۔ ایک خوب صورت ہے اور دوسری بد صورت، ایک جوان ہے اور دوسری سن رسیدہ، ایک دائم المرض ہے اور دوسری تندرست، ایک بد مزاج ہے اور دوسری خوش مزاج اور اسی طرح کے دوسرے تفاوت بھی ممکن ہیں، جن کی وجہ سے ایک بیوی کی طرف نسبتاً آدمی کی رغبت کم اور دوسری کی طرف زیادہ ہو سکتی ہے۔ ایسی حالتوں میں قانون یہ مطالبہ نہیں کرتا کہ محبت و رغبت اور جسمانی تعلق میں ضرور ہی دونوں کے درمیان مساوات رکھی جائے، بلکہ صرف یہ مطالبہ کرتا ہے کہ جب تم بے رغبتی کے باوجود ایک عورت کو طلاق نہیں دیتے اور اس کو اپنی خواہش یا خود اس کی خواہش کی بنا پر بیوی بنائے رکھتے ہو تو اس سے کم ازکم اس حد تک تعلق ضرور رکھو کہ وہ عملاً بے شوہر ہوکر نہ رہ جائے۔ ایسے حالات میں ایک بیوی کی بہ نسبت دوسری طرف میلان زیادہ ہونا تو فطری امر ہے، لیکن ایسا بھی نہیں ہونا چاہیے کہ دوسری یوں معلّق ہوجائے، گویا کہ اس کا کوئی شوہر نہیں‘‘۔ (تفہیم القرآن)
اس تفصیل سے واضح ہوا کہ عام حالات میں بھی مرد کو ایک بیوی کے رہتے ہوئے دوسرا نکاح کرنے کی اجازت ہے۔ بس لازم یہ ہے کہ وہ دونوں کے درمیان عدل کو ملحوظ رکھے اور کسی کی حق تلفی نہ کرے۔