کراچی میں پراٹھے بنانے والے کک باکسر نے ماسکو میں کانسی کا تمغہ جیت لیا

272

شہر قائد کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن کے ایک ہوٹل میں پراٹھے بنانے والے کک باکسر نثار احمد نے روس کے شہر ماسکو میں انٹرنیشنل کک باکسنگ چیمپئن شپ میں کانسی کا تمغہ جیت لیا ہے۔

ماسکو میں نثار احمد نے کوالیفائنگ رائونڈ میں تاجکستان کے کک باکسر کو شکست سے دوچار کیا۔واضح رہے کہ نثار احمد کے پاس ایونٹ میں شرکت کیلئے پیسے بھی نہیں تھے،انہوں نے عوام کی جانب سے تعاون کے بعد ایونٹ میں شرکت کی۔انٹرنیشنل کک باکسنگ چیمپئن شپ میں سید عبید محمد نے 64 کلوگرام کیٹیگری میں کک باکسنگ میں گولڈ میڈل حاصل کیا، نوروز علی نے 56 کلوگرام کیٹیگری میں سلور میڈل حاصل کیا۔

خیال رہے کہ پاکستان کک باکسنگ ٹیم کا 6 رکنی دستہ پاکستان کک باکسنگ فیڈریشن کے صدر سمیع اللہ کاکڑ کی قیادت میں روس کے شہر ماسکو کے لیے 19 نومبر کو کراچی ایئر پورٹ سے روانہ ہوا تھا۔سید حاجی عبدالمنان آغا ٹیم منیجر تھے جبکہ عبدالوہاب درانی پاکستان کک باکسنگ ٹیم کی کوچنگ کے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔