انسانی حقوق کی تنظیمیں مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم کیخلاف کردار ادا کریں، سردار عتیق 

450

آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس کے قائدوسابق وزیراعظم سردار عتیق احمدخان نے ہندوستانی فوج کی جانب سے گھروں پر چھاپوں کے دوران کشمیری نوجوانوں کوبلاجواز گرفتار کرنے اور ان کو شدید کانشانہ بنانے پر شدید تحفظات کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم پر اقوام عالم کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔

انسانی حقوق کی تنظیمیں مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم وبربریت کے خلاف اپنا کردار ادا کریں اور بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے لائیں۔انہوں نے کہاکہ  کشمیری عوام آزادی کے ساتھ ساتھ تکمیل پاکستان کی جنگ بھی لڑ رہے ہیں۔ مسلم کانفرنس قیام پاکستان سے پہلے ہی الحاق پاکستان کی قرارداد منظور کر کے پاکستان سے اپنی وابستگی ظاہر کردی ہے۔آج مقبوضہ کشمیر کی عوام اس عظیم مقصد کے لئے قربانیاں دے رہی ہے۔

کشمیری عوام نے پاکستان کا پرچم ایک صدی سے اٹھا رکھا ہے اب بھی وہ اسی پرچم کی خاطر سینوں پر گولیاں کھارہے ہیں، کشمیر کے عوام پاکستان کے دفاع اور بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں نریندرا مودی کے اقدامات نے انسانیت کے لئے خطرات پیدا کر دیئے ہیں، ہندوستان میں مسلمانوں کے ساتھ ہونے والا سلوک مودی ذہنیت کا کھلا ثبوت ہے، اب امریکہ اقوام متحدہ اور خطہ کی بڑی طاقتوں بڑی طاقتوں چین اور روس کو مل کر اس مسئلے کا پائیدار حل نکالنا چاہیے، ہندوستان مشوروں اور تجویزوں سے اپنا رویہ درست نہیں کرے گا اس کے لیے اقتصادی اور عسکری پابندی لگانا ضروری ہے۔انسانیت کے قتل عام کا تماشا دیکھنا صریحاً ناانصافی ہے، اب عالمی طاقتوں کو ہندوستان پر دباؤ ڈالنے کے لیے عملی اقدامات اٹھانے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے لیے اخلاقی سہارا ہے،پاکستان نے خطرات کی پرواہ کیے بغیر کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی حمایت کی ہے۔

سردارعتیق احمدخان نے کہاکہ کشمیریوں نے تحریک آزادی میں قربا نیوں کی لازوال تاریخ اپنے خون سے لکھی ہے اور شہداء کا خون کبھی رائیگاں نہیں جاتا۔ظلم وجبر سے انسانوں کے بنیادی حقوق کو وقتی طور پر تو سلب کیاجاسکتا ہے لیکن تاریخ گواہ ہے کہ جدوجہد کرنے والوں کو ہمیشہ کامیابی ملتی ہے کشمیری بھی جلد اپنی جدوجہد میں کامیاب ہو کر آزادی کی نعمت سے سرفراز ہونگے۔

انہوں نے کہاکہ ہندوستان آج مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی میں مصروف ہے۔عالمی دنیا کو اس بربریت کا نوٹس لینا چاہیے۔ جنوبی ایشیاء اس وقت کئی ایٹمی طاقتوں کے درمیان کشمکش کامحور بن گیا۔تین ایٹمی ممالک آمنے سامنے ہیں اور اس کی وجہ مسئلہ کشمیر ہے۔ ہندوستان کو کشمیر پر اپنے اقدامات کی سزا بھگتنی پڑے گی۔ 6لاکھ معصوم بچوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔دریں اثناء قائدمسلم کانفرنس سردارعتیق احمدخان نے داتا دربا رپرحاضری دی اور فاتحہ خوانی ۔بعدازاں قائدمسلم کانفرنس نے لاہور سرکل کے صدر اقبال قریشی کے گھر جا کر ان کی عیادت کی اور صحت یابی کیلئے دعا کی۔