بھوبنیشور(نمائندہ خصوصی)ایف آئی ایچ جونیئر ہاکی ورلڈکپ میں جرمنی نے پاکستان 2-5 سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم کی طرف سے رابرٹ ڈکسچر نے 2 گول کیے۔ ایف آئی ایچ کے زیر اہتمام 12 واں جونیئر ہاکی ورلڈ کپ بھارت کے شہر بھوبنیشور میں شروع ہو گیا ہے۔ پی ایچ ایف کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق گروپ ڈی کے پہلے میچ میں جرمنی نے پاکستان کو 2 کے مقابلے میں 5 گول سے ہرا دیا۔ جرمنی کی طرف سے رابرٹ ڈکسچر نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور 2 گول اسکور کیے۔ مائیکل سٹروتھ آف، میکسی ملین سیجبرگ اور بینیڈکٹ شوارزہاٹ نے ایک، ایک گول کیا۔ فاتح ٹیم نے ایک گول پنلٹی کارنر پر جبکہ چار فیلڈ گول اسکورکیے۔ پاکستان کی طرف سے حماد انجم اور عبدالحنان نے ایک، ایک گول کیا۔ واضح رہے کہ قومی جونیئر ٹیم اپنا دوسرا گروپ میچ 27 نومبر کو مصر کے خلاف کھیلے گی۔ پاکستان گروپ ڈی میں ارجنٹائن، مصر اور جرمنی کے ساتھ شامل ہے۔ پہلے میچ میں گرین شرٹس کو جرمنی کے ہاتھوں 2-5 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ قومی ٹیم اپنا دوسرا گروپ میچ 27 نومبر کو مصر جبکہ تیسرا اور آخری گروپ میچ 28نومبر کو ارجنٹائن کے خلاف کھیلے گی۔