ایران سے تعلقات تاریخی حیثیت رکھتے ہیں ، قاسم نوید قمر

115

کراچی(آن لائن)وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سید قاسم نوید قمر نے بدھ کے روز اسلامی جمہوریہ ایران کے کراچی میں قونصل جنرل حسن نورانی سے قونصل خانے میں ملاقات کی۔اس موقع پر دونوں معززین نے باہمی دلچسپی کے امور اور باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقعوں کو فروغ دینے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ پاکستان اور ایران برادرانہ، ثقافتی اور ہمسائیگی کے تعلقات کی ایک تاریخ رکھتے ہیں اور دونوں برادر ہمسایہ ممالک کے مابین باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقعوں کے فروغ سے معاشی استحکام میں معاونت میسر آسکتی ہے۔اس موقع پر ایرانی قونصل جنرل نے وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی سید قاسم نوید قمر اور ان کے ساتھ آنے والے وفد کے ارکان سندھ حکومت کے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ شعبے کے ڈائریکٹر جنرل خالد محمود شیخ اور سندھ انٹر پرائز ڈیولپمنٹ فنڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر محبوب الحق کو اپنے دفتر میں خوش آمدید کہا اور ایران اور پاکستان کے مابین باہمی تجارتی تعلقات کے امکانات پر روشنی ڈالی۔