لاہور (آن لائن) سول عدالت نے پی ٹی وی کے ہرجانہ کیس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو کرکٹ میچز کی نشریات کے حقوق پاکستان ٹیلی وژن کے علاوہ کسی اور کو دینے سے روکتے ہوئے 6 دسمبر کو جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ لاہور کی سول عدالت میں سول جج طلعت محمود نے پاکستان ٹیلی وژن کارپوریشن کے 2ارب روپے کے دعوے پر سماعت کی۔دعوے میںموقف اپنایاگیا کہ پی سی بی کیساتھ 2023ء تک کرکٹ میچز کی پاکستان میں پی ٹی وی کے ساتھ نشریات کا معاہدہ طے پایا تھا لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ نے 5نومبر 2021ء کو بغیر نوٹس پی ٹی وی اسپورٹس
کیساتھ معاہدہ معطل کر دیا۔ڈیجیٹل پاکستان پالیسی کے نفاذ تک پی سی بی نے کرکٹ کی پاکستان میں نشریات کا معاہدہ کیا ہے، پی سی بی کا نشریات کے حقوق معطل کرنا معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔پی سی بی کے اقدام سے پی ٹی وی کو 1ارب روپے کا مالی نقصان اورساکھ متاثر ہوئی۔استدعا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو کسی بھی ذریعے سے نیا معاہدہ کرنے سے روکا جائے ۔عدالت نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو کرکٹ میچز کی نشریات کے حقوق پاکستان ٹیلی وژن کے علاوہ کسی اور کو دینے سے روکتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کو 6دسمبر تک جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔