ٹھٹھہ(نمائندہ جسارت)پولیس کے ہاتھوں چوری کے الزام میں گرفتار نوجوان کو لا پتا کر دیا گیا۔ 5 دن سے غائب نوجوان کے اہل خانہ نے احتجاج کیا۔ چند روز قبل ہندو برادری کے گھر لاکھوں روپے کی چوری کے شک میں نوجوان رحمان ڈاگو کو 5 دن بعد بھی پولیس نے عدالت میں پیش نہیں کیا اور مبینہ طور پر غائب کردیا ہے ۔نوجوان کے ورثا نے مین قومی شاہراہ پر دھرنا دیا اور پیٹرول سے جلانے کی کوشش کی جس کو بچا لیا گیا۔ ورثاء کا کہناہے کہ 6 روز قبل 15 مددگار انچارج فرحان شیخ نے پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ بے گناہ رحمان ڈاگو کو کھر سے گرفتار کیا تھا جس کے بعد ہم نے سیشن جج کو درخواست دے کر تھانوں پر چھاپے بھی لگوائے مگر پولیس نے رحمان کو غائبکردیا ہے ۔ہمیں خدشہ ہے کہ نوجوان کو پولیس نے تشدد سے مار نہ دیا ہو، اہل خانہ نے چیف جسٹس ہائی کورٹ سیشن جج ٹھٹھہ سے درخواست کی ہے کہ وہ رحمان کو بازیاب کرائیں ورنہ ہم ایس ایس پی آفس کے سامنے دھرنے دیں گے۔