مسلم ممالک افغانستان میں طالبان حکومت تسلیم کریں،سراج الحق

369
امیر جماعت اسلامی سراج الحق قطر کے دارالحکومت دوحہ میں اتحاد العالمی العلماء المسلمین کے مرکزی دفتر کے دورے کے دوران علما سے گفتگو کررہے ہیں

لاہور(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ مسلمان ممالک کی حکومتوں کو افغانستان میں طالبان حکومت کو تسلیم کرنا چاہیے۔ افغانستان میں 2 کروڑ افراد بھوک اور غربت کا شکار ہیں۔ مسلمان تنظیمیں امدادی کام کے لیے آگے بڑھیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے قطر کے دارالحکومت دوحا میںالاتحاد العالمی لعلماء المسلمین کے مرکزی دفتر کے دورہ کے دوران کیا۔ اس موقع پر اتحاد العالمی کی مرکزی قیادت اتحاد کے صدر شیخ احمد الریسونی، جنرل سیکرٹری شیخ علی محی الدین قرہ داغی، مصر کے ممتاز اسکالر ڈاکٹر محمد صغیر، یمن کے ممتاز عالم دین شیخ فضل مراد اور تیونس کے اسکالر ڈاکٹرنور الدین الخادمی سے ملاقات ہوئی۔ جماعت اسلامی کے شعبہ امور خارجہ کے ڈائریکٹر آصف لقمان قاضی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اتحاد العالمی لعلما المسلمین عالم اسلام کے 44 ممالک کے سرکردہ علما کی نمائندہ تنظیم ہے، جس کے بانی شیخ یوسف القرضاوی ہیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے اتحاد العالمی کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ فلسطین، کشمیر اور دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کی ترجمانی کرتے ہوئے اتحاد العالمی نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم پاکستان میں بھی فروعی مسائل سے بالاتر ہو کر نظام کی تبدیلی کے علمبردار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بھارت کشمیر میں کشمیریوں کو اپنے وطن میں اقلیت بنانا چاہ رہا ہے۔ باہر سے بھارتی شہریوں کو لا کر کشمیر میںبسانے کی سازش ہو رہی ہے۔ امت مسلمہ کو مظلوم کشمیریوں کی پشت پر کھڑے ہونا چاہیے۔