اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ تاریخ کی نااہل ترین حکومتیں وفاق اور پنجاب پر مسلط ہیں، ملک کو مہنگائی،غربت اور بیروزگاری کے علاوہ ڈینگی کے رحم و کرم پر بھی چھوڑ دیا گیا ہے، حکومتی اعدادوشمار کہتے ہیں کہ پنجاب سے رواں برس 24 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ اور 127 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں، اصل تصویر اس سے کہیں بھیانک ہے حکومتی ڈیٹا ناقابل اعتبار ہے جس کی تصدیق ایک حکومتی رپورٹ نے خود کی۔ حمزہ شہباز نے ڈینگی اور اس سے ہونے والی اموات پر اپنے بیان میں کہا کہ ڈینگی کی پہلی وبا میں شہباز شریف کا تمسخر اڑانے والے عمران خان خیبرپختونخوا میں حملے کے موقع پر پہاڑوں پر سیر کرنے کے بہانے چھپ گئے تھے، بروقت اسپرے نہیں کروایا گیا، اسپتالوں میں ایک ایک بستر پر تین تین لوگ علاج کے منتظر رہے ادویات بلیک میں بکتی رہیں اور ڈینگی کا سستا ٹیسٹ مہیا نہ کرانے پر حکومت مجرمانہ غفلت کی مرتکب ہوئی ہے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ اعلی عدلیہ کو فی الفور اس نا اہلی اور بدانتظامی کا نوٹس لے کر مجرمانہ غفلت کے مرتکب افراد سے اس عوامی مسئلہ پر جواب طلبی کرنی چاہیے اور ان کے خلاف سخت سے سخت ایکشن لینا چاہیے۔ اپوزیشن لیڈر کا کہنا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر اموات ، ادویات کی قلت اور اسپتالوں میں جگہ کی کمی کی وجہ 11 کروڑ کا صوبہ نااہل وزیراعلی کی جھولی میں ڈالنا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں ہیلتھ ایمرجنسی عملا نافذ کر کے حکومت پنجاب شہباز شریف ماڈل کی پیروی کرے تاکہ اس وبا پر قابو پایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت والے صوبے خیبرپختونخوا میں بھی 10 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، تاریخ کی نااہل ترین حکومتیں وفاق اور پنجاب پر مسلط ہیں لوگ اس عذاب سے نجات چاہتے ہیں، عمران خان نے اس ملک سے جو کھلواڑ کیا ہے اس کا یوم حساب بھی قریب ہے۔