جونیئر ہاکی ورلڈکپ میں پاکستان ہاکی ٹیم نے مایوس کن آغاز کیاہے۔بھارتی شہربھو بنیشور میں کھیلے جارہے جونئیر ہاکی ورلڈکپ کے پہلے میچ میں جرمنی نے پاکستان کو دو کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے دی ہے۔میچ کے آغاز سے ہی جرمنی نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور پاکستانی گول پوسٹ پر متعدد حملے گئے، پاکستانی ڈیفینڈرز جرمن کھلاڑیوں کو روکنے میں ناکام رہے۔پہلے کوارٹر میں جرمنی نے دو گول اسکور کئے، پاکستان نے دوسرے اور چوتھے کوارٹر میں خسارہ کم کیا لیکن میچ نہ بچاسکے۔پاکستان ایونٹ میں اپنادوسرا میچ27 نومبر کو مصر کیخلاف کھیلے گا۔ٹورنامنٹ میں 16 ٹیمیں شرکت کررہی ہیں، جنہیں چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔گروپ اے میں بیلجیئم، چلی، ملائیشیا اور جنوبی افریقہ گروپ بی میں کینیڈا، فرانس، بھارت اور پولینڈ گروپ سی میں جنوبی کوریا، ہالینڈ، اسپین اور امریکا جبکہ گروپ ڈی میں پاکستان، ارجنٹائن، مصر اور جرمنی شامل ہے۔ٹورنامنٹ کا فائنل 5 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔