لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ پولیس نے مبینہ مقابلہ میں اغوا برائے تاوان، ڈکیتیوں، لوٹ مار، منشیات، ناجائز اسلحہ اور پولیس مقابلوں جیسے سنگین نوعیت کے 10 سے زائد مقدمات میں ملوث انتہائی مطلوب ڈاکو کو گرفتار کرکے اسلحہ اور چرس برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق دہامراہ پولیس نے رتوڈیرو روڈ پر چانڈیہ سم شاخ کے قریب جرائم پیشہ افراد سے مقابلہ کرکے اغوا برائے تاوان، ڈکیتیوں، لوٹ مار، منشیات، ناجائز اسلحہ اور پولیس مقابلوں جیسے سنگین نوعیت کے 10 سے زائد مقدمات میں ملوث ضلع قنبر شہدادکوٹ کے گاؤں بخو سیال اشتہاری ملزم عبدالقادر ولد محبوب علی سیال کو ٹی ٹی پستول، گولیوں اور چار کلو سے زائد چرس سمیت گرفتار کرلیا ۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزم نے 2011ء میں تھانہ مارکیٹ کی حدود سے معصوم مبشر شیخ کو تاوان کے لیے اغوا کیا تھا جس پر لاڑکانہ ضلع کے مختلف تھانوں رتوڈیرو، ولید، مارکیٹ، لاشاری، باڈہ، دہامراہ سمیت دیگر تھانوں پر درج مقدمات میں ملوث، اشتہاری، روپوش اور مطلوب ہے، گرفتار ملزم کے خلاف تھانہ رتوڈیرو پر مقدمات درج ہیں، گرفتار ملزم کا مزید مجرمانہ ریکارڈ اکٹھا کیا جا رہا ہے، دوسری جانب ایس ایس پی لاڑکانہ عمران قریشی نے کارروائی پر متعلقہ پولیس ٹیم کے لیے انعامات و اعزازات کے احکامات جاری کردیے ہیں۔