امریکاجائداد کیس: زرداری کی عبوری ضمانت میں توسیع

107

اسلام آباد (آن لائن+اے پی پی) احتساب عدالت اسلام آباد نے امریکا میں پراپرٹیز پر آصف زرداری کے خلاف نیب تحقیقات پر عبوری ضمانت میں 14 دسمبر تک توسیع کردی۔ نیب نے آصف علی زرداری کی درخواست ضمانت پر جواب جمع کرادیا ،احتساب عدالت نے 14 دسمبر کو نیب اور فاروق ایچ نائیک سے دلائل طلب کرلیے ، نیب نے عدالت میں اپنے جواب میں کہا ہے کہ آصف علی زرداری امریکا میں پراپرٹیز پر جاری نیب تحقیقات میں مطلوب نہیں ہیں تاحال آصف علی زرداری کے وارنٹ گرفتاری جاری نہیں کیے ، آصف علی زرداری کو طلب کیا نہ ہی تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش ہونے کا کہا ہے ۔ عدالت نے فریقین کے وکلاء سے 14 دسمبر کو دلائل طلب کر لیے۔ علاوہ ازیں احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان کی عدالت میں زیر سماعت آصف علی زرداری وغیرہ کے خلاف ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس میں سماعت بغیر کارروائی ملتوی کردی گئی۔ منگل کو سابق صدر پاکستان کی طرف سے ایک روزہ استثنا کی درخواست دی گئی۔ فاضل عدالت کے جج کی عدم دستیابی کے باعث بغیر کارروائی سماعت 13دسمبر تک کے لیے ملتوی کردی گئی۔