کرکٹ میں اچھے برے دن آتے ہیں، بابراعظم

320

بنگلا دیش سے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سوئپ کرنے کے بعد قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے سیریز کے اختتام پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔پی سی بی کے ٹوئٹر اکائونٹ پر کپتان بابراعظم کا ویڈیو بیان جاری کیا گیا جس میں انہوں نے کہا کہ بنگلا دیش کے خلاف تینوں میچز میں ڈھاکا کے کرائوڈ نے بھرپور سپورٹ کیا، ہم نے کورونا کے دنوں میں اسٹیڈیم میں کرائوڈ کو بہت مس کیا ہے۔ایک سال میں 17ٹی ٹوئنٹی میچز میں فتح حاصل کرنے پر کپتان نے کہا کہ مجھے ان کامیابیوں پر بہت خوشی ہے، یہ سب ٹیم کی محنت کا ثمر ہے، جیت کے حصول کیلئے ضروری ہے کہ پہلے اپنی خامیوں کی نشاندہی کی جائے۔

بابراعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں فیلڈنگ اور لوئر مڈل آرڈر میں بہتری کی ضرورت تھی، گزشتہ چند ماہ میں ہماری فیلڈنگ بہت بہتر ہوئی ہے اب  لوئر مڈل آرڈر میں بھی میچ فنش کرنے کی عادت آرہی ہے۔قومی کپتان نے مزید کہا کہ بحیثیت کپتان اپنے کھلاڑیوں کو صرف ان کا رول کلیئر بتاتا ہوں، کرکٹ ایک کھیل ہے جہاں اچھے اور برے دن آتے رہتے ہیں مگر ہم اپنی محنت جاری رکھیں گے۔حالیہ سیریز میں اپنی کارکردگی سے متعلق بابر اعظم نے کہا کہ میں اس سیریز میں توقعات کے مطابق بیٹنگ نہیں کرسکا البتہ خوشدل شاہ، فخر زمان اور محمد نواز نے بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔بابر نے مزید کہا کہ کوشش کریں گے ٹیسٹ میں بہتر کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھیں۔