پاکستان نیشنل والی بال چیمپئن شپ سیزن 2کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا ہے۔
پاکستان نیشنل والی بال چیمپئن کا 27نومبر سے نشتر اسپورٹس کمپلیکس میں آغاز ہوگا اور چیمپئن شپ کا فائنل چار دسمبر کو کھیلا جائے گا جبکہ نیشنل چیمپئن شپ میں ڈیپارٹمنٹ اور ریجن کی 16ٹیمیں ان ایکشن ہوں گی۔نیشنل والی بال کے میچز لائیو براڈکاسٹ ہوں گے، نشتر اسپورٹس کمپلیکس میں نیشنل والی بال چیمپئن شپ کے لوگو کی رونمائی بھی کردی گئی ہے۔چیئرمین والی بال فیڈریشن محمد یعقوب کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مجھے امید ہے اس سال بھی نیشنل والی بال لیگ کامیاب ہوگی اور لوگوں کو ٹی وی اور ہال میں بھی اچھے مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔
چیئرمین والی بال فیڈریشن کا کہنا تھا کہ ہمارا فوکس والی بال کے کھیل کا فروغ ہے اور بہت جلد ہم نے پاکستان کی والی بال کی ٹیم کو اولمپکس میں لے کر جانا ہے، پاکستان کی ٹیم فٹنس کا میعار دنیا کی ٹاپ ٹیموں کے برابر ہے۔محمد یعقوب کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم نے حال ہی میں جاپان میں بہترین کارکردگی دکھائی اور پاکستان نے جنوبی کوریا کی ٹاپ ٹیم کو شکست دی، ہماری ٹیم آئندہ اولمپکس میں تو نہیں لیکن اس سے اگلے اولمپکس میں شرکت کرے گی۔
چیئرمین کا کہنا تھا کہ میرا خواب ہے کہ پاکستان اولمپکس کھیلے اور پاکستان کا سافٹ امیج اجاگر ہو، ہمارے لڑکے دیگر ممالک کی لیگز میں کھیل رہے ہیں اور پاکستان کا کپتان ایمل ترکی میں پروفشنل لیگ کھیل رہا ہے۔محمد یعقوب کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں والی بال کا بہت زیادہ پوٹینشل موجود ہے، پنجاب اور کے پی میں والی بال بہت زیادہ کھیلا جارہا ہے، اس چیمپئن شپ سے جو سفر شروع کیا وہ اولمپکس تک پہنچائے گا۔