آئی ایم ایف نے پاکستان کی مالی خود مختاری چھین لی، رضا ربانی

506

پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما  سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی نئی شرائط نے پاکستان کی مالی خود مختاری چھین لی ہے، اس حکومت نے جوہری ملک پاکستان کو آئی ایم ایف کے حوالے کرنے کا بین الاقوامی ایجنڈا پورا کیا ہے، اب پاکستان کی خارجہ اور اقتصادی پالیسی اور قومی سلامتی کی ترجیحات مغرب کے زیرِ سایہ ہوں گی۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ  آئی ایم ایف کی شرائط کے نتیجے میں پیٹرولیم لیوی میں ہر ماہ 4 روپے فی لیٹر اضافہ کیا جائے گا، پیٹرولیم لیوی کو 30 روپے فی لیٹر تک بڑھایا جائے گا۔

ان کا کہناتھا کہ 356 بلین روپے کی رقم 610 بلین روپے کے ابتدائی تخمینے کے مقابلے جمع کی جائے گی، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا اور 300 ارب روپے کی ٹیکس چھوٹ ختم کی جائے گی۔ سابق چیئرمین سینیٹ نے کہا ہے کہ پی ایس ڈی پی میں 200 ارب روپے کی کٹوتی کی جائے گی۔ رضا ربانی نے کہا کہ پاکستانی حکومت نے ملک کی معاشی خودمختاری کو سلب کیا ہے جبکہ پارلیمنٹ کو اندھیرے میں رکھا گیا ہے، منی بجٹ عام آدمی کی کمر مزید توڑ دے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام رجعتی ٹیکسوں کے ناقابل برداشت ایندھن، بجلی کے نرخوں میں اضافے اور گیس کی غیر معمولی قلت کا شکار ہیں، پاکستانی عوام اب پوچھ رہے ہیں کہ ریاست پر حکومت کون کر رہا ہے۔