لاہور (وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے حوالے سے مبینہ آڈیو ٹیپ کا سامنے آنا تشویش ناک ہے۔ اس کی فرانزک تفتیش کرواکے اصل حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں۔ ملک میں پائیدار جمہوریت اور سیاسی استحکام کے لیے اداروں کی سیاست میں مداخلت بند ہونی چاہیے۔ عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے والے نااہل ٹولے کی کب تک حمایت جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس اور پینڈورا پیپرز میں بے نقاب ہونے والے پاکستانیوں کے خلاف کارروائی میں حکومت کی عدم دلچسپی نے بہت سارے سوالات کو جنم دے دیا ہے۔ محض سیاسی مخالفین کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ نیب لوگوں کو گرفتار کرتا ہے اور وہ عدم ٹھوس ثبوت نہ ہونے کی وجہ سے عدالتوں سے رہا ہوجاتے ہیں۔ یہ کیسا احتساب کا نظام ہے جس کا نہ کوئی سر ہے نہ ہی کوئی پیرہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے متنازع قانون سازی کے ذریعے اسٹیٹ بینک کے گورنر کو وائسرائے کادرجہ دے دیا ہے جو آئی ایم ایف کے سوا پاکستان کے کسی ادارے کے سامنے جوابدہ نہیں۔ ہم آئی ایم ایف کی غلامی اور پی ٹی آئی کی غلام زدہ ذہنیت دونوں کو مسترد کرتے ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ملک کی5595ارب روپے کی سرکاری زمین پر لینڈ مافیا قابض ہے۔ پورا ملک ہی مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ جب تک وزیر اعظم کے اردگرد مافیا کا حصار رہے گا، اس وقت تک تبدیلی ممکن نہیں۔ جن لوگوں کو جیلوں میں ہونا چاہیے وہ اسمبلیوں اور کابینہ میں بیٹھے ہیں۔