لاڑکانہ ،شہید اسلا م کانفرنس کی تیاریاں زوروشور سے جاری

432

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ میں 27 نومبر کو شہر کے میونسپل اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والی شہید اسلام کانفرنس کی تیاریاں زورشورسے جاری ہیں۔ اس سلسلے میں جمعیت علما اسلام سندھ کے سیکرٹری جنرل مولانا راشد خالد محمود سومرو اور ضلع لاڑکانہ کے امیر مولانا ناصر خالد محمود سومرو نے کانفرنس کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا بعد ازاں انہوں نے رتودیرو، ڈکن اور دیگر شہروں کا دورہ بھی کیا، جہاں ان کے ہمراہ ضلعی جنرل سیکرٹری محبت علی کووڑو، مولانا عبدالجبار حیدری، مولانا طاہر محمود سومرو، مولانا حمید اللہ سیال، مولانا محمد الیاس چنا، مولانا جمال مصطفی تونیو، مفتی نصیر احمد بھٹو، طارق حسین سومرو، مولانا طارق محمود سومرو، فقیرسکندرعلی نقشبندی، آصف علی مگسی اور ڈاکٹر محمد ابراہیم میمن و دیگر بھی موجود تھے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا راشد محمود سومرو نے کہاکہ مولانا فضل الرحمن جعلی یہود نوازحکومت کے خلاف جہاد کر رہے ہیں، عوام کے جائز حقوق کے حاصلات کیلیے جنگ جاری رہے گی ، شہیداسلام کانفرنس میں لاکھوں لوگوں کاسمندر لاڑکانہ آئے گا مولانافضل الرحمن آرہاہے اب جعلی سرکارکوگھبراناچاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تبدیلی سرکار نے پہلے مہنگائی، بے روزگاری اور اب توانائی کا بحران پیدا کردیا ہے بجلی کے بعد گیس بحران سنگین ہوگیا ہے۔ رتو دیرو میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے 13 سالہ اقتدار میں سندھ کا دیوالیہ نکال دیا ہے، مہنگائی بھوک بے امنی لاقانونیت عروج پر ہے،یہودی لابی نیازی حکومت اور پیپلز پارٹی کے اقتدار کا سورج غروب ہونے والا ہے۔حقیقی عوام کے مسائل سے لا تعلق ہونے کی وجہ سے ملک دن بہ دن مسائل کے دلدل میں پھنستا چلا جا رہا ہے حکمران نااہلی، نالائقی اور بدانتظامی میں سب کو پیچھے چھوڑ چکے ہیں، عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔عوام دشمن نااہل نالائق حکومت نے ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا ہے، نیازی حکومت نے آئی ایم ایف اور بیرونی ایجنڈا پر کام کرکے ملک کو تباہی اور بربادی کے کنارے پر پہنچا دیا ہے۔