فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)نیشنل لیبر فیڈریشن کے مرکزی رہنمااورامیداربرائے چیئرمین یوسی106میاںاعجازحسین نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی نااہلی اور ناتجربہ کاری کے باعث مسائل دن بدن بڑھتے چلے جارہے ہیں۔ حکمرانوں کا کوئی ترجیحی ایجنڈا نظر ہی نہیں آتا۔ کفایت شعاری کے درس دینے والوں نے 4 ماہ کے دوران قومی اسمبلی، سیکرٹریٹ میں 72کروڑ روپے خرچ کر ڈالے ہیں۔ کھانے پر 4کروڑ 39 لاکھ روپے اور اوور ٹائم پر 82 لاکھ،پیٹرول پر 83لاکھ، 12کروڑ 87لاکھ کی اعزازی تنخواہیں اور دوروں پر 3کروڑ 48لاکھ خرچ ہوئے۔ حکمران تبدیلی کے نام پر ماضی کی حکومتوں کا تسلسل ہیں جو اقتدار کو صرف انجوائے کرنے کے سوا کچھ نہیں کررہے۔انہوں نے کہا کہ آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں صوبائی دارالحکومت 350ایئر کوالٹی انڈیکس کے ساتھ پہلے نمبر ہے۔ انسداد اسموگ پالیسی پر عمل در آمد نہیں کیا جارہا۔ عوام میں سانس، گلے اور سینے کے امراض میں خطرناک حد تک اضافہ ہوچکا ہے۔ رہی سہی کسر ڈینگی نے پوری کردی ہے۔ اسپتالوں میں مریض اور ان کے لواحقین خوار ہونے پر مجبور ہیں ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریشن اور ٹریفک پولیس کی مشترکہ ٹیمیں تجاوزات کے باعث ٹریفک جام کرنے پر گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈائون کو مؤثر بنا ئیں۔ میاں اعجازحسین نے مزید کہا کہ محض ڈنگ ٹپائو پالیسیوں سے حالات ٹھیک نہیں ہوسکتے۔ کورونا کے لیے مخصوص فنڈ میں اربوں روپے کی مالی بے ضابطگیوں کا آڈٹ جنرل کی رپورٹ میں انکشاف نے تحریک انصاف کی صاف شفاف اور کرپشن فری حکومت کے اصل چہرے کو بے نقاب کردیا ہے۔